شام میں عام شہریوں کے قتل عام پر انتباہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ڈپٹی ترجمان نے شام میں عام شہریوں کے قتل عام پر خبردار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ڈپٹی ترجمان فرحان حق نے شام کی جھڑپوں میں تقریبا ڈھائی لاکھ افراد کے مارے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عام شہریوں کا قتل عام جاری رہنے پر خبردار کیا ہے۔ انھوں نے شام میں بے گھر ہونے والے لاکھوں شہریوں کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ نے جمعرات کے روز اعلان کیا تھا کہ داعش دہشت گرد گروہ نے عراق و شام میں ایزدی قوم کی نسل کشی اور اس کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے امریکہ، ترکی، مغربی ملکوں اور بعض عرب ملکوں کی فوجی و مالی مدد و حمایت سے علاقے کے مختلف ملکوں خاص طور سے عراق و شام میں وحشیانہ اور غیر انسانی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔