امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ ارکان کا دھرنا
امریکی ایوان نمائندگان میں حکمراں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان نے گن کنٹرول بل پر ووٹنگ نہ کرائے جانے کے خلاف دھرنا دے دیا-
ریپبلکن کی اکثریت والے ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان مطالبہ کررہے تھے کہ گن کنٹرول بل پر ووٹنگ کی جائے - ڈیموکریٹس کا مطالبہ تسلیم نہ کئے جانے کے بعد انہوں نے ایوان کے اندر زمین پر بیٹھ کر احتجاج کیا -
خبروں کے مطابق ڈیموکریٹ ارکان پندرہ گھنٹے تک دھرنے پر بیٹھے رہے جس کے بعد اسپیکر نے مجبور ہوکرایوان کی کارروائی جمعے تک ملتوی کر دی - ڈیموکریٹ ارکان کا مطالبہ تھا کہ اورلینڈو حملے کے بعد گن کنٹرول بل کی منظوری انتہائی ضروری ہے -
ڈیموکریٹ کے دھرنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایوان نمائندگان کے اسپیکر نے ان ارکان پر بلاوجہ شور وہنگامہ کرنے کا الزام عائد کیا- امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال راین نے کہا کہ ڈیموکریٹس کا یہ اقدام مشکل کو حل کرنے کے لئے نہیں بلکہ رائے عامہ کی توجہ حاصل کرنے کے لئے تھا -
واضح رہے کہ اوباما انتظامیہ نے امریکا میں آزادانہ طریقے سے اسلحہ رکھنے اور ہتھیار لے کر چلنے کے قانون میں سختی کا بل کئی سال پہلے پیش کیاتھا لیکن امریکی کانگریس میں اسلحہ ساز کمپنیوں کے اثر ورسوخ کی وجہ سے اس بل پر بحث کی نوبت ہی نہیں آتی
- امریکا میں گن کلچر اور لوگوں کے پاس آزادانہ طور پر ہتھیار رکھنے کی وجہ سے ہرسال بڑی تعداد میں لوگوں کا قتل ہوتاہے -