یورپی یونین کی جانب سے شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کیے جانے کی مذمت
یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ بحرین کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنا بحرین میں تفرقے میں اضافے کا باعث بنے گا۔
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے منگل کے روز شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کیے جانے کو بحرین میں اختلاف و تفرقے کے خطرے میں اضافے کا سبب قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بحرینی حکومت کے اقدامات اس ملک میں قومی آشتی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
یورپی یونین نے اسی طرح بحرینی حکومت کی جانب سے جمعیت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کی سزائے قید میں اضافے، انسانی حقوق کے سرگرم کارکن نبیل رجب کی دوبارہ گرفتاری اور بحرین کی بعض سرگرم شخصیات کو غیرملکی سفر سے روکنے کی مذمت کی۔
یورپی یونین نے بحرین میں اصلاحات پر عمل درآمد اور وسیع البنیاد قومی آشتی کا مطالبہ کیا کیونکہ اس سے بحرین میں قیام امن میں مدد ملے گی۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے حال ہی میں ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم پر بےبنیاد الزامات عائد کر کے ان کی شہریت منسوخ کر دی۔ جس پر پوری دنیا میں سخت ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے بحرین میں شروع ہونے والی انقلابی تحریک میں شیخ عیسی قاسم کا بہت ہی اہم کردار ہے اور انھیں بحرین میں بابائے انقلاب کہا جاتا ہے۔ ان کی اسی اہمیت سے خوفزدہ ہو کر آل خلیفہ کی شاہی ڈکٹیٹر حکومت نے ان کی شہریت منسوخ کر دی ہے۔