شام کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیاں
امریکہ نے شام کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وزارت خزانہ نے جمعرات کے روز شام کی آٹھ شخصیات اور سات کمپنیوں کو شامی حکومت کی ہتھیاروں کے سلسلے میں مدد کرنے اور اسی طرح دمشق کے لیے مالی لین دین انجام دینے کی بنا پر اپنی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
ان افراد اور کمپنیوں کے امریکہ میں موجود اثاثے منجمد ہو جائیں گے اور انھیں امریکہ کے ساتھ لین دین کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
امریکی وزارت خزانہ نے بشاراسد پر شام میں امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے اور ان افراد اور کمپنیوں پر خطرناک ہتھیار استعمال کرنے میں شامی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام لگایا ہے۔
یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب امریکہ اور علاقے میں اس کے اتحادیوں خاص طور پر سعودی عرب، قطراور ترکی نے دو ہزار گیارہ سے لے کر اب تک شام میں پراکسی وار شروع کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں شامی شہری جاں بحق، زخمی اور بےگھر ہو چکے ہیں۔