مغرب کی تسلط پسندی عالمی استحکام کو تباہ کردے گی
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i249910-مغرب_کی_تسلط_پسندی_عالمی_استحکام_کو_تباہ_کردے_گی
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے کہ مغرب کو برتری طلبی اور تسلط پسندی کے نتائج سے عبرت حاصل کرنا چاہیے کیونکہ اس کے نتیجے میں عالمی استحکام کا شیرازہ بکھر جائے گا -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۴, ۲۰۱۶ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • روس کے وزیرخارجہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں روسی وفد کے سربراہ سرگئی لاؤروف
    روس کے وزیرخارجہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں روسی وفد کے سربراہ سرگئی لاؤروف

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے کہ مغرب کو برتری طلبی اور تسلط پسندی کے نتائج سے عبرت حاصل کرنا چاہیے کیونکہ اس کے نتیجے میں عالمی استحکام کا شیرازہ بکھر جائے گا -

روس کے وزیرخارجہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں روسی وفد کے سربراہ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ افسوس کہ مغربی ممالک کے سیاستدانوں کے اندر انحصارپسندی اور برتری طلبی نے جڑ پکڑ لی ہے اور وہ ہر ممکن طریقے سے اپنے مفادات کے لئے غیرمنصفانہ طریقے سے دوسروں کے نقصان میں اقدام کرتے ہیں-

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ نہیں معلوم بین الاقوامی تنازعات کے حل میں مہم جوئی اور یکطرفہ فیصلوں کو آگے بڑھانے اور غلطی کا احساس نہ کرنے کا سلسلہ کہاں ختم ہوگا- سرگئی لاؤروف نے کہا کہ عالمی تنازعات میں مہم جوئی کا نتیجہ ہم مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں دیکھ رہے ہیں اور ان پالیسیوں کے نتیجے میں عالمی استحکام کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ واقعات و حالات سے عبرت حاصل کرنا چاہئے اور شام میں بڑا المیہ رونما ہونے سے روکنے کے لئے اقدام کرنا چاہئے-

سرگـئی لاؤروف نے کہا کہ دمشق کی قانونی حکومت کی درخواست پر روس کا فوجی تعاون اس بات کا باعث بنا کہ شام کا شیرازہ نہ بکھرے اور یہ ملک دہشت گردوں کے قبضے میں نہ جائے- روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ماسکو کی شرکت شام کا حامی بین الاقوامی گروہ تشکیل پانے کا سبب بنی اور ہم شام کے داخلی فریقوں کی شرکت سے اس ملک کے انجام کی تعیین اور بحران کے سیاسی راہ حل کی جانب بڑھیں گے-

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے شام کے فوجی اڈے پر امریکہ اور اس کے اتحادی جنگی طیاروں کی بمباری میں اسّی افراد کے جاں بحق ہونے اور سو سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اصلی مقصد سمجھوتے کو ناکامی سے بچانا اور دیروالزور اور حلب کی چھاؤنیوں کے سانحے کی، کہ جو اقوام متحدہ کے امدادی قافلے اور اس میں بیس افراد کے مرنے پر منتج ہوا، غیرجانبدارانہ تحقیقات کرنا ہے -