صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک
میڈرڈ، کیڈز اور والینشیا سمیت اسپین کے دسیوں شہر صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک بی ڈی ایس میں شامل ہو گئے ہیں۔
فلسطینی خبررساں ایجنسی معا کے مطابق یورپ میں غاصب صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کی فلسطینی کمیٹی نے پیر کے دن اعلان کیا ہے کہ یورپ کے پچاس سے زائد شہروں کی کونسلوں نے اسرائیلی اپارتھائیڈ سے آزاد علاقوں میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اسرائیل کے بائیکاٹ کی قومی فلسطینی کمیٹی نے اس کو صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک بی ڈی ایس کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق جن یورپی شہروں نے غاصب صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک بی ڈی ایس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ان میں میڈرڈ، کیڈز، اور والینشیا سمیت دسیوں ہسپانوی شہر بھی شامل ہیں۔ غاصب صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کی قومی فلسطینی کمیٹی نے اسپین کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی اپارتھائیڈ سے آزادی کی کمپین شروع کی ہے جس کو اسپین کی بلدیاتی کونسلوں، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔
اسرائیل کے بائیکاٹ کی قومی فلسطینی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کمپین نے انیس سو اسی کے عشرے میں جنوبی افریقا کی اپارتھائیڈ کی مخالف تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یورپ اور امریکا کے بہت سے سیاسی و سماجی کارکنوں نے صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک بی ڈی ایس کا خیر مقدم کیا ہے۔