ٹرمپ فلسطینی ریاست کے خلاف ہیں، صیہونی جماعت کے سرغنہ کا دعوی
انتہا پسند صیہونی جماعت جیوش ہوم پارٹی کے سرغنہ نفتالی بینیٹ نے دعوی کیا ہے کہ نئے امریکی صدر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام روکنے کے حق میں ہیں۔
نفتالی بینیٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے یہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا بہترین موقع ہے۔ جیوش ہوم پارٹی کے سرغنہ نے اسرائیلی کابینہ سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا معاملہ اپنے ایجنڈے سے خارج کردے۔ قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ کا صدر منتخب ہونے کے بعد فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہمیں امریکہ سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ مسلہ فلسطین کے حوالے سے امریکہ کی پالیسیاں اسرائیل کی حمایت پر استوار ہیں لہذا واشنگٹن سے اس کے سوا کوئی توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ آئندہ بھی اسرائیل کی حمایت جاری رکھےگا۔