نتن یاہو کو ایٹمی معاہدہ منسوخ ہونے کی امید
صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعاون سے ایٹمی معاہدے کی منسوخی کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو نے سی بی ایس ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کو اسرائیل کا طاقتور حامی قرار دیا اور ایران کے ساتھ طے شدہ ایٹمی معاہدے کی منسوخی کے لئے تعاون سے متعلق اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ نتن یاہو نے کہا کہ وہ امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں ایٹمی معاہدے کی منسوخی کے مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے۔صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے ایٹمی معاہدے کی منسوخی کی صورت میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو آپشن ہمارے سامنے موجود ہیں ان کی اہمیت ان سے کہیں زیادہ ہے کہ جن کے بارے میں تصور کیا جاتا ہے اور وہ ٹرمپ سے تمام آپشن کے بارے میں گفتگو کریں گے۔نتن یاہو نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کی منسوخی کے بارے میں پانچ چیزیں ان کے ذہن میں ہیں تاہم صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے ان پانچ چیزوں کے ناموں کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا۔نتن یاہو نے کہا کہ ان کی نظر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے واشنگٹن کے ساتھ تل ابیب کے آٹھ سالہ ان تمام اختلافات کا خاتمہ ہو جائے گا جو بارک اوباما کے دور میں پیدا ہوئے ہیں۔ صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ عرب ممالک اب اسرائل کو اپنا دشمن نہیں سمجھتے بلکہ اب وہ ایران کے مقابلے میں اسرائیل کو اپنا اتحادی سمجھتے ہیں۔