ٹرمپ کا روس کے خلاف پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے خلاف عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اخبار وال اسٹریٹ کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ، موجودہ صدر بارک اوباما نے دسمبر دوہزار سولہ کے اواخر میں روس کے خلاف جو پابندیاں وضع کی ہیں انہیں وہ ختم کردیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر روس نے ، بقول ان کے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کی مدد کی تو اس بات کا امکان ہے اس کے خلاف عائد تمام پابندیاں ختم کردی جائیں۔
امریکی صدر بارک اوباما نے گزشتہ سال دسمبر میں پانچ روسی اداروں اور چھے اعلی عہدیداروں کے خلاف پابندیاں عائد کردی تھیں جبکہ پینتس سفارت کاروں کو امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کے الزام میں بے دخل کردیا تھا۔
امریکہ کی تین خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں نے پانچ جنوری دوہزار سترہ کو جاری کیے جانے والے مشترکہ بیان میں دعوی کیا ہے کہ صدارتی انتخابات کے دوران ڈیموکریٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے کمپیوٹر سسٹم پر ہونے والے سائبر حملوں میں روسی عہدیداروں کا ہاتھ ہے۔
روس نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔