روس نے شام کے بارے میں امریکی منصوبے کو مسترد کر دیا
روس نے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام سے متعلق امریکی صدر کی نئی تجویز کو مسترد کر دیا۔
روسی صدر کے ترجمان دیمتری پسکوف نے جمعرات کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کے نتائج پر بھی غور کر لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کے منصوبے کے بارے میں روس سے کوئی صلاح و مشورہ نہیں کیا۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال میں اعلان کیا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کے معاملے کو حل کرنے کے لیے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں۔امریکی صدر نے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کے منصوبے کی تفصیلات بیان کرنے سے گریز کیا۔امریکہ، شام میں مسلح اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے والے مغربی اور عرب اتحاد کا اہم ترین ملک شمار ہوتا ہے۔امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما نے بھی شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کی بات کی تھی کہ جس کی روس نے شدید مخالفت کی تھی۔