گلبدین حکمت یار پرعائد پابندیاں ختم
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i270567-گلبدین_حکمت_یار_پرعائد_پابندیاں_ختم
اقوام متحدہ نے سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار پرعائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
  • گلبدین حکمت یار پرعائد پابندیاں ختم

اقوام متحدہ نے سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار پرعائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اقوام متحدہ نے افغان لیڈر گلبدین حکمت یار پرعائد پابندیاں اٹھالی ہیں اور ان پر سفری پابندیاں ختم کرکے ان کے منجمد اثاثوں کو بھی بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغان رہنما حکمت یار پر اب اثاثوں کے انجماد، سفری پابندی اور اسلحے کی خرید فروخت کا قانون لاگو نہیں ہوتا۔

حکمت یار پرپابندیاں ختم ہونے کے بعد اب افغان حکومت اور حزب اسلامی میں امن مذاکرات اور روپوش حکمت یارکی افغان سیاست میں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

افغان صدر اشرف غنی کی حکومت نے گلبدین حکمت یار کی تنظیم حزب اسلامی کے ساتھ چند ماہ قبل ایک معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق  تنظیم حزب اسلامی کو افغان حکومت کے خلاف جنگ بند کرنا ہوگی اور اس کے عوض حکومت حکمت یار اور ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں کا نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے خارج کروائے گی اور انہیں افغانستان میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بھی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ گلبدین حکمت یار اور اس کی جماعت کو 2003 میں القاعدہ سے تعلق کی بنیاد پر دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔