امریکا اور برطانیہ کا مسلم ممالک کے خلاف ایک اور اقدام
امریکا نے سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے 7 اور برطانیہ نے 6 مسلم ممالک کے مسافروں پر طیارے میں الیکٹرانک ڈیوائسز ساتھ لانے پر پابندی لگا دی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے سعودی عرب سمیت مشرقی وسطیٰ کے 7 مسلم ممالک اور شمالی افریقی ملک موروکو کے مسافروں پر طیارے میں برقی آلات ساتھ لانے پر پابندی لگا دی جب کہ ان آلات میں لیپ ٹاپ، کیمرہ، ٹیبلٹس، پرنٹر، الیکٹرانک گیمز، پورٹیبل ڈی وی ڈی اور ای ریڈرز شامل ہیں۔
جن ممالک کے مسافروں پر برقی آلات لانے پر پابندی لگائی گئی ان میں سعودی عرب، مصر، ترکی، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات اور اردن شامل ہیں جب کہ شمالی افریقی ملک موروکو بھی پابندی کی زد میں ہے۔ اس حوالے سے ان ممالک کی 9 ایئرلائنز کو ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جن میں ایمرٹس، اتحاد ایئرویز، قطرایئرویز، کویت ایئرویز، سعودی ائیر لانز، ترکش ایئرلائنز، مصر ایئرلائنز، رائل جورڈینین ائیرلائنز اور رائل ایئرمورکو شامل ہیں۔
امریکا کی جانب سے پابندی کے فیصلے کے بعد برطانیہ نے بھی 6 مسلم ممالک کے مسافروں پر طیارے میں الیکٹرانک ڈیوائسز لانے پر پابندی لگائی جن میں سعودی عرب، ترکی، لبنان، اردن، مصر اور تیونس شامل ہیں۔ برطانیہ کی جانب سے عائد پابندی کی زد میں آنے والی 2 مقامی ایئرلائنز بھی ہیں جن میں ایزی جیٹ اور برٹش ایئرویز بھی شامل ہیں۔