تھریسامے کی جانب سے نئی حکومت بنانے کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i286100-تھریسامے_کی_جانب_سے_نئی_حکومت_بنانے_کا_اعلان
حالیہ انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل نہ کرنے کے باوجود برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے نئی حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی آئرلینڈ کی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی (ڈی یو پی) کے ساتھ کام کرنے کا اشارہ دے دیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۱۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • تھریسامے کی جانب سے نئی حکومت بنانے کا اعلان

حالیہ انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل نہ کرنے کے باوجود برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے نئی حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی آئرلینڈ کی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی (ڈی یو پی) کے ساتھ کام کرنے کا اشارہ دے دیا۔

برطانیہ کی موجودہ وزیر اعظم تھریسامے نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں اکثریت نہ ملنے کے باوجود بکنگھم پیلس میں ملکہِ برطانیہ سے ملاقات کے دوران حکومت بنانے کے لئے اپنی اکثریت کا دعوی کیا۔

ملاقات کے بعد وہ واپس ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچیں جہاں پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ 10 روز میں شروع ہونے والے بریگزٹ مذاکرات میں ملک کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں گی۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے تھریسا مے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے حوالے سے طے شدہ مذاکرات 10روز بعد اپنے وقت پر ہی شروع ہوں گے۔

دوسری جانب ڈی یو پی کی رہنما ارلین فوسٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ کنزرویٹیوز کے ساتھ بات چیت پر رضامند ہیں اور موجودہ وقت میں برطانیہ میں استحکام کے قیام کی راہ تلاش کرنے کے لیے پرامید ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں موجود حلقوں کی تعداد 650 ہے اور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ہاؤس آف کامن میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے 326 ارکان کا جیتنا ضروری ہے۔

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے نتائج کے مطابق حکمراں جماعت کنزرویٹیو پارٹی کے 318 ارکان کامیاب ہوئے جبکہ لیبر پارٹی 262 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

انتخابات میں اسکاٹش نیشنل پارٹی 35، لبرل ڈیموکریٹ 12، جبکہ ڈیموکریٹک یونینسٹ 10 نشستیں حاصل کرپائی۔