ایٹمی معاہدے کے لئے موگرینی کی حمایت کا اعلان
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی کانگریس کے اراکین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی بنیاد پر ایسا لگتا ہے کہ امریکی کانگریس ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے کے حق میں ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ انھوں نے ایٹمی معاہدے سے متعلق قانون وضع کرنے والے کانگریسی اراکین سے گفتگو کی ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ امریکی کانگریس کے اراکین ایٹمی معاہدے کے خلاف نہیں ہیں اور وہ اس معاہدے میں امریکہ کے باقی رہنے کے حق میں ہیں۔فیڈریکا موگرینی نے واشنگٹن میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے پر نظرثانی کے بارے میں کہا کہ انھیں امریکہ کے اندرونی مسائل و مشکلات اور قانون سے کوئی سروکار نہیں ہے تاہم ایٹمی معاہدے پر اب دوبارہ مذاکرات نہیں ہو سکتے۔انھوں نے کہا کہ کسی ایک شق کے بارے میں بھی مذاکرات ہونے سے پورا معاہدہ متاثر ہو جائے گا۔یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے پر کاربند رہا ہے اور مقابل فریقوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے پر عمل کرتے ہوئے ایران کے خلاف پابندیاں ختم کریں۔واضح رہے کہ ایٹمی معاہدے سے متعلق واشنگٹن کی جانب سے اپنائے جانے والے رویے پر امریکہ کو مغرب کی طرف سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔