شام پر اسرائیل کا میزائل حملہ، صیہونی وزیر جنگ کا اعتراف
صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شام کے شہر حمص میں شامی فوج کے ایئر بیس پر میزائل سے حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی وزیرجنگ اویگدر لیبرمین نے اپنے ایک انٹرویو میں پیر کو شام کے شہر حمص میں شامی فضائیہ کے اڈے پر میزائل حملے میں اسرائیل کے رول کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی طیارے حمص میں شام کے فضائی اڈے پر حملہ کرنے کے بعد واپس لوٹ آئے-
اس سے پہلے روسی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کے دو جنگی طیاروں نے پیر کی صبح شام کے شہر حمص کے قریب شامی فضائیہ کے اڈے اور ٹی فور ایئر بیس پر حملہ کیا ہے-
حمص میں ٹی فور فوجی اڈے پر پیر کی صبح میزائلوں سے حملہ کیا گیا اس حملے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے-
اس سے پہلے بھی صیہونی حکومت نے دہشت گردوں کی حمایت میں شام میں کئی فوجی ٹھکانوں پر حملے کئے تھے- شامی فوج نے اس دوران اسرائیل کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا تھا-