اقوام متحدہ، کابل حملے میں صحافیوں کی ہلاکت کی مذمت
اقوام متحدہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں صحافیوں کے مارے جانے کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے اظہار رائے کی آزادی امور کے خصوصی افسر ڈیوڈ کائے کا کہنا تھا کہ پیر کو یہ حملہ صحافیوں پر ہونے والے دیگر تمام طرح کے حملوں اور افغانستان میں پریس کی آزادی پر حملہ ہے۔
مسٹر کائے نے کہا یہ حملے ان دہشت گردوں نے کئے جو میڈیا کو اس کا کام کرنے نہیں دیتے کیونکہ صحافی معاشرے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور عوامی مفاد کے تمام معاملات کو برملا کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مجرموں کو سزا دلانے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل کابل میں ایک خود کش حملے کے بعد دوسرے خودکش حملے میں حملہ آور نے صحافیوں کو نشانہ بنایا جو پہلے واقعہ کی کوریج کرنے پہنچے تھے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔
ان حملوں میں 40 سے زائد افراد جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہو ئے جن میں عورتوں اور بچوں کے علاوہ ایمرجنسی ریسکیو ٹیم کے ارکان اور میڈیا کے لوگ بھی شامل تھے۔