امریکہ کو اقوام متحدہ کا انتباہ
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i327994-امریکہ_کو_اقوام_متحدہ_کا_انتباہ
اقوامِ متحدہ کی جانب سے امریکہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قوانین کی خلاف میکسیکو کی سرحد پار کرنے والے مہاجرین کو قید اور پناہ گزین خاندانوں سے ان کے بچے جدا کرنا بند کرے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۰۷, ۲۰۱۸ ۰۱:۳۳ Asia/Tehran
  • امریکہ کو اقوام متحدہ کا انتباہ

اقوامِ متحدہ کی جانب سے امریکہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قوانین کی خلاف میکسیکو کی سرحد پار کرنے والے مہاجرین کو قید اور پناہ گزین خاندانوں سے ان کے بچے جدا کرنا بند کرے۔

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی ترجمان روینہ شامدسانی نے جینیوا میں ایک بریفنگ کے دوران غیر قانونی ہجرت کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ غربت، جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیاں اور منشیات کا پھیلاؤ، وہ عوامل ہیں جن کی وجہ سے وسطی امریکہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد غیر قانونی طور پر امریکی سرحد پار کرنے یا پناہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی ملک میں قانونی دستاویزات کے بغیر داخل ہونا مجرمانہ حرکت نہیں کہلانا چاہیے اور نہ ان لوگوں کو قید کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا ان الزامات کے تحت حراست میں لیے گئے بچے بہت چھوٹے ہیں حتیٰ کے اس میں ایک سال کا بچہ بھی شامل ہے۔

انسانی حقوق کی ترجمان نے کہا کہ جنوری 2016 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اکتوبر 2017 میں جاری کیے گئے خصوصی احکامات کے تحت امریکہ کی جنوبی سرحد پار کرنے والے سیکڑوں پناہ گزین بچوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو فوری طور پر پناہ گزین خاندانوں کو جدا کرنے کے ان اقدامات کو روکنا چاہیے، غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونا اور رہنا، جو زیادہ سے زیادہ انتظامی امور کی خلاف ورزی ہے، اسے مجرمانہ سرگرمی کے طور پر دیکھنا ختم کیا جانا چاہیے۔