دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون پر چین کی تاکید
چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت اور عوام کی قربانیوں اور کوششوں کو مکمل طور پر تسلیم کرے ۔
بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں نے نا صرف چین بلکہ عالمی برادری کے کئی ممالک کا دل جیت لیا ہے۔
بریفنگ کے دوران پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کئے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہمیشہ ہی سے اس بات کا یقین ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت اور عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، عالمی برادری کو یقیناً ان قربانیوں اور کاوشوں کو مکمل تسلیم کرنا اور اعتماد دینا چاہئے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ تمام ممالک تنقید اور دباؤ کے بجائے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو غیر جانبدارانہ اور حقیقی معنوں میں سراہیں گے۔
لو کینگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر قسم کے حالات میں اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں اور چین پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف میدان میں تعاون جاری رکھنے کا خواہشمند ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چین پاکستان کی حمایت کرتا رہا ہے کہ پاکستان نے مالی نگرانی کو مضبوط بنانے جیسے اہم اقدامات کئے اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف کارروائیاں کرکے بہت اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ تاہم امریکہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں اور پاکستان کو چاہئیے کہ دہشتگردی کے خلاف موثر کارروائی کرے۔