چین، افغانستان میں فوجی اڈہ تعمیر نہیں کر رہا
چین نے افغانستان میں فوجی اڈہ تعمیر کرنے کے حوالے سے خبروں کی تردید کردی ہے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے’ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘ کی افغانستان میں چینی فوجی تربیتی کیمپ تعمیر کرنے کے منصوبے کی خبر کو حقائق کے برعکس قرار دے دیا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ ہواچیوئنگ نے مذکورہ خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا، خاتون ترجمان نے کہا کہ یہ خبر درست نہیں اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے، چین، افغانستان میں کوئی فوجی اڈہ قائم نہیں کررہا اور نہ ہی اپنی فوج بھیج رہا ہے۔
قبل ازیں میڈیا کا فوجی ذرائع کےحوالے سے کہنا تھا کہ چین اپنے پڑوسی ملک کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے افغان - چین راہداری علاقے میں فوجی تربیتی کیمپ کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے، یہ تربیت گاہ بیجنگ کے خرچے سے بنائی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چینی فوجی کیمپ افغانستان کے واخان کوریڈور میں تعمیرہو رہا ہے جہاں چینی فوج انسداددہشت گردی آپریشنز کے لیے بھیجی جائے گی جبکہ تربیتی کیمپ تعمیر کرنے کے بعد چین ایک بٹالین فوج تعینات کرے گا۔