امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکرکا ٹرمپ کو سخت انتباہ
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے خبردار کیا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف ایوان نمائندگان کی قرارداد کو ویٹو کریں گے تو وہ ان کے خلاف کانگریس اورعدالت میں جنگ لڑیں گی۔
ہیل ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ ہم کانگریس اورعدالت میں ٹرمپ کے خلاف جنگ لڑیں گے-
ان کا کہنا تھا کہ صدرکا رویّہ غلط ہے اور ریپبلکنز بھی اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں-
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے کہا کہ ایمرجنسی کا نفاذ ہمارے کنٹرول اور نگرانی کے نظام کو کمزور کر رہا ہے-
یننسی پلوسی کا کہنا تھا کہ ریپبلکنز سینیٹروں نے صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بارے میں اپنا فرمان واپس لے لیں کیونکہ ان کا یہ اقدام امریکی آئین کی خلاف ورزی ہے-
گذشتہ ہفتے امریکی ایوان نمائندگان نے ایک قرارداد پاس کر کے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ پر اپنی مخالفت کا اعلان کیا تھا-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی سینیٹرز بھی اسی طرح کی ایک قرارداد پاس کرنے کی تیاری کر رہے ہیں-
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس طرح کی قرارداد کو برداشت نہیں کریں گے اور ضرورت ہوئی تو اس کو کالعدم قراردینے کے لئے اپنا ویٹو پاور بھی استعمال کریں گے-
امریکی صدر نے میکسیکو کی سرحد پر حائل دیوار تعمیر کرنے کی غرض سے بجٹ کی فراہمی کی خاطرفروری میں ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی-
وہ اس دیوار کی تعمیر کے لئے پانچ ارب سات سو ملین ڈالر کے بجٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں-
اس درمیان امریکی ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹس ارکان نے ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کے بارے میں نئی تحقیقات شروع کر دی ہیں-
ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نے پیر کے روزسے ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کے بارے میں نئی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے-
مذکورہ کمیٹی نے ٹرمپ کے قریبی دسیوں افراد منجملہ ٹرمپ کے بیٹوں ڈونلڈ جونیئر ٹرمپ اور اریک ٹرمپ کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کے داماد کوشنر پر اقتدار کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے-
ایوان نمائندگان میں عدالتی کمیٹی کے سربراہ جیری نیڈلرنے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ یہ امریکی تاریخ کا ایک حساس دور ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ اس سلسلے میں ضروری تحقیقات انجام دیں-
یہ کمیٹی ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کے بارے میں تحقیقات کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرمپ آرگنائزیشن کے فنانشیل ڈائریکٹر ایلن ویلسبرگ اور وائٹ ہاؤس کے سابق اسٹریٹیجک مشیر اسٹیو بنن جیسے دیگر افراد کے خلاف بھی تحقیقات انجام دے گی-
دریں اثنا وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا ہے کہ انہوں نے ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی کے سربراہ کا بیان دیکھ لیا ہے اور ہم اس درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مناسب وقت پر ہم اس کا جواب دیں گے-