May ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • سری لنکا سے چھے سو غیر ملکی افراد ملک بدر

حکومت سری لنکا نے ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کے بعد دو سو مسلمان مبلغین سمیت چھے سو غیر ملکی شہریوں کو ملک بدر کر دیا۔

سری لنکا کے وزیر داخلہ وجیرہ ابے وردینا نے کہا ہے کہ بم دھماکوں کے بعد ملک میں سیکورٹی کریک ڈاؤن کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ افراد ویزوں کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی غیر قانونی طریقے سے رہ رہے تھے اس لئے ان پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ملک بدر بھی کر دیا گیا۔

سری لنکا کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں کو ملک بدر کیا گیا ہے ان میں دو سو مبلغین بھی شامل ہیں- اگرچہ سری لنکن وزیر داخلہ نے ملک بدر کئے گئے لوگوں کی شہریت کے بارے میں کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے لیکن پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے بیشتر افراد کا تعلق ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور مالدیپ سے ہے-

سری لنکا نے گذشتہ اکیس اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کے بعد سے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر رکھا ہے اور مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے-

اکیس اپریل کو کولمبو اور اس کے مضافات کے گرجا گھروں اور ہوٹل میں سلسلہ وار دس دہشت گردانہ حملوں میں ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک اور پانچ سو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی-