امریکہ کے 26 بحری بیڑے کورونا کا شکار
امریکہ کے ایک فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ ملک کے چھبیس بحری بیڑوں میں موجود فوجی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ایک امریکی فوجی عہدیدار نے ہل نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ یہ امریکی بحری بیڑے بندرگاہوں پر لنگرانداز ہیں اور ہر بیڑے میں کچھ لوگ کورونا وائرس میں مبتلاء ہیں۔
امریکی بحریہ کے ایک ہزار دو سو اٹھانوے فوجیوں کی ایک تہائی تعداد کورونا میں مبتلا ہے جس میں سے نصف تھئوڈر روزولٹ بحری بیڑے میں ہیں۔
اس وقت تین ہزار پانچ سو اٹھہتر امریکی فوجی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے دو ہلاک اور پچاسی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت امریکہ میں آٹھ لاکھ چالیس ہزار افراد کورونا میں مبتلا ہیں جن میں سے سینتالیس ہزار سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں ۔
امریکہ میں اس وقت کورونا وائرس میں مبتلا اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد دنیا کے تمام ممالک سے زیادہ ہے۔