امریکہ میں کورونا نے تباہی مچا دی، 50 ہزار افراد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i364995-امریکہ_میں_کورونا_نے_تباہی_مچا_دی_50_ہزار_افراد_ہلاک
امریکہ میں خطرناک کورونا وائرس سے حالات دن بدن بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں ۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Apr ۲۴, ۲۰۲۰ ۰۴:۰۲ Asia/Tehran
  • امریکہ میں کورونا نے تباہی مچا دی، 50 ہزار افراد ہلاک

امریکہ میں خطرناک کورونا وائرس سے حالات دن بدن بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں ۔

آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق امریکہ میں خطرناک کورونا وائرس سے اب تک 49 ہزار845 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس میں 8 لاکھ 80 ہزار 204 افراد مبتلا ہوئے ہیں ۔ پوری دنیا میں کورونا سے ہلاکتوں اور مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد کے حوالے سے امریکہ سر فہرست ہے۔

امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔

امریکا میں کورونا کے بے قابو ہونے کے بعد سبھی ریاستوں میں، ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔

اس کے علاوہ کورونا سے اموات میں وحشتناک اضافے نے مرنے والوں کی تدفین کے حوالے سے بھی بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے اور مقامی انتظامیہ اور حکام جنازوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ  8 مارچ کو امریکی ہسپتالوں کی یونین نے اپنی ایک رپورٹ میں امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 96 ملین جبکہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یہ ایسے میں ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اقتصادی ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مئی کے اختتام تک امریکہ میں کم از کم دو کروڑ لوگوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور اس طرح امریکہ میں بے روزگاری کی شرح ۱۵ فیصد تک پہنچ جائے گی۔