امریکہ میں کورونا سونامی، ایک لاکھ افراد ہلاک
امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 16 لاکھ 86 ہزار 436 ہوگئی ہے اور کورونا سے 99 ہزار 300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد امریکہ میں ہیں اور اسی ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔ امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز کیا اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کو کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت کا سامنا ہے۔
امریکا میں کورونا کے بے قابو ہونے کے بعد سبھی ریاستوں میں ہنگامی حالت کے بعد انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کورونا سے اموات میں وحشتناک اضافے نے مرنے والوں کی تدفین کے حوالے سے بھی بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے اور مقامی انتظامیہ اور حکام جنازوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ٹرمپ حکومت کی ناقص کارکردگی اور ناتوانی کی بنا پر امریکی حکومت اور خود ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔