ٹیکزاس اور کیلی فورنیا میں فوجی ڈاکٹرز تعینات کر دئے گئے
امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور ٹرمپ انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے پیش نظر کورونا زدہ ریاست ٹیکزاس اور کیلی فورنیا میں فوجی ڈاکٹروں اور نرسوں کی ٹیمیں روانہ کی جا رہی ہیں۔
فاکس نیوز کے مطابق امریکی ریاست ٹیکزاس میں کورونا کے مریضوں سے بھرے اسپتالوں میں مدد کے لیے بری بحری فوج کی پانچ سو اسی رکنی میڈیکل ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔ بری فوج کے ڈاکٹروں کی پچاسی رکنی ٹیم ریاست ٹیکزاس کے شہر ہیوسٹن کے ایک اسپتال میں تعینات ہو گئی ہے۔
ریاست کیلی فورنیا نے کورونا کے بدحال مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے امریکی فضائیہ سے ایک سو ساٹھ رکنی میڈیکل ٹیم بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ کیلی فورنیا میں پچھلے چند ہفتے کے دوران کورونا کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور تمام اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
کورونا کے مریضوں اور مرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں بدستور پہلے نمبر پر ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اڑتیس لاکھ اڑتیس ہزار سات سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ بیالیس ہزار آٹھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔
کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام میں ناکامی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے حکومت امریکہ اور خاص طور سے صدر ٹرمپ کو اندرون ملک شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link