امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں اچانک اضافہ
امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں اچانک اچھال آیا اور یوں تعداد ایک لاکھ چوراسی ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
ورلڈو میٹر نامی ویب سائٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد باسٹھ لاکھ ستائیس ہزار سے زیادہ ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد اچانک اضافے کے ساتھ ایک لاکھ چوراسی ہزار دو سو انہتر ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات کے لحاظ سے امریکہ پہلے نمبر پر ہے۔ دیگر ملکوں کے مقابلے میں امریکہ میں کورونا وائرس کی تشخیص اور علاج کا عمل دیر سے شروع کیا گیا ہے۔
امریکہ کو اس وقت کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اس کے بچاؤ کے وسائل کی قلت کا سامنا ہے جن میں کورونا وائرس ٹیسٹ کٹس کی کمی کا معاملہ بھی شامل ہے۔
کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں نے امریکہ میں تدفین کا بحران بھی پیدا کر دیا ہے اور امریکی حکام کورونا وائرس سے مرنے والوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کر رہے ہیں۔ حکومت امریکہ اور خاص طور سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا وائرس کے حوالے لا پرواہی برتنے کے الزام کا سامنا ہے۔