Feb ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والی حکومت کے خلاف فوجی بغاوت پر اقوام متحدہ کو تشویش

روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والی حکومت کے خلاف کوئی مؤثر اقدام نہ کرنے والے اقوام متحدہ نے میانماری فوج کے ہاتھوں حکومت کا تختہ الٹ دئے جانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوترش نے میانمار میں فوجی بغاوت کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میانمار میں فوجی بغاوت کو ناکام بنایا جائے اور ہم میانمار کی فوجی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

انہوں  نے کہا کہ میانمار میں طویل عرصے کے بعد الیکشن ہوئے تھے اور الیکشن کے مطابق عوامی رائے کے نتائج کو الٹنا قطعی ناقابل قبول ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوترش نے مطالبہ کیا کہ میانمار میں سیاسی قیدیوں کو رہا اور آئین کو بحال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو متحرک کر کے دباؤ بڑھائیں گے تاکہ فوجی بغاوت ناکام رہے۔

واضح رہے کہ میانمار میں حالیہ چند برسوں میں مسلمانوں پر شدید مظالم کیے گئے ہيں کہ جس کے لئے آنگ سانگ سوچی کو ذمہ دار ٹھرایا جاتا ہے۔ مسلمانوں پر سرکاری سرپرستی میں ہونے والے مظالم کے بعد آنگ سانگ سوچی سے کئی ایوارڈ بھی واپس لے لئے گئے ہيں۔

ٹیگس