Oct ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۱ Asia/Tehran
  • کرکٹ ورلڈ کپ میں اپ سیٹ جاری، اس بار ویسٹ انڈیز کی باری

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں ایک اور اَپ سیٹ ہوگیا، اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔

سحر نیوز/ کھیل: ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ابتدائی وکٹ 20 رنز پر گری جس کے بعد دیگر کھلاڑی وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے گئے، پوری ٹیم 18.3 اوور میں 118 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جیسن ہولڈر 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

اسکاٹش اوپنر جارج منسی 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بارش کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے رکا بھی رہا۔

ادھر ورلڈ کپ ٹی20 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے چوتھے میچ میں زمبابوے نے آئرلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو 175 رنز کا ہدف دیا تھا، آئر لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے 82 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے لیے 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔

ٹیگس