دہشت گردی ہرشکل میں عالمی امن و سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں حضرت شاہ چراغ (ع) کے حرم مطہر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے اراکین ایران کے شہر شیراز میں واقع حضرت شاہ چراغ (ع) کے روضے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں 2 ایرانی شہید اور 8 دیگر زخمی ہوئے اور اس کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے اس دہشت گردانہ حملے کے زخمیوں اور شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی حکومت کو تعزیت پیش کی اور زخمیوں کی شفائے عاجل کی دعا کی۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی، خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہو عالمی امن و سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ حضرت شاہ چراغ (ع) کے روضے پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 2 افراد شہید اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔ حملہ آور دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کا نام رحمت اللہ نوروزف ہے اور اس کا تعلق تاجیکستان سے ہے۔