بنگلادیش کے عبوری سربراہ پر سابق وزیراعظم کا الزام
بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عبوری انتظامیہ کے سربراہ محمد یونس پر سنگین الزام لگائے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق شیخ حسینہ نے جو ہندوستان میں پناہ گزین ہیں، چیف ایڈوائزر محمد یونس پر ملک کی معیشت تباہ، سماجی عدم استحکام اور ملک کی تاریخ مسخ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے اپنے خلاف بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ ان کی حکومت میں بنگلادیش جنوبی ایشیا کی دوسری بڑی معیشت تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد یونس نے اقتدار سنبھالنے کے بعد چند ماہ کے اندر بنگلادیش کی معیشت تباہ کردی۔
انہوں نے اسی کے ساتھ چیف ایڈوائزر محمد یونس کے اقدامات کو سماجی عدم استحکام کا باعث قرار دیا اور کہا کہ وہ ملک کی تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شیخ حسینہ کی حکومت گزشتہ سال طلبا کی ملک گیر تحریک کے نتیجے میں سقوط کرگئی تھی اور وہ ملک سے فرار اور ہندوستان میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئيں۔