امریکا عرب ممالک کو جدید ترین ہتھیار دے گا
Aug ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کو جدید ترین ہتھیار فروخت کرنے کے عمل میں تیزی لائے گا۔
دوحہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیر کے دن خلیج فارس تعاون کونسل کے اجلاس میں کہا کہ اس کونسل کے رکن ممالک کو جدید ترین امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے عمل میں تیزی لانے کے سلسلے میں واشنگٹن اور ان ممالک کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کا ملک خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے میں باہمی تعاون میں توسیع اور مشترکہ جنگی مشقوں کے سلسلے میں بھی اہم قدم اٹھائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات اور مذاکرات بھی کئے۔ یہ ملاقات ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات اور علاقے خصوصا یمن اور شام کی صورتحال نیز بین الاقوامی صورتحال کے بارے میں مذاکرات کے مقصد سے پیر کے دن مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے-