جرمن وزیر خارجہ کا مجوزہ دورہ ایران
Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۶:۱۰ Asia/Tehran
جرمن وزیر خارجہ عنقریب اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کریں گے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے برلن میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ویانا میں ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بارے میں مذاکرات کے لیے اکتوبر کے مہینے میں تہران کا دورہ کریں گے۔ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے اس سے قبل ویانا میں ہونے والے ایٹمی معاہدے کو ایک تاریخی معاہدہ قرار دیا تھا۔ اس پریس کانفرنس میں بھی ایک بار پھر انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کی وجہ سے شام کے بحران سمیت مشرق وسطی کے تنازعات حل کئے جانے کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ویانا ایٹمی معاہدے تک رسائی سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ پیچیدہ مسائل اور تنازعات کو بھی پرامن طریقوں سے حل کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جرمنی کے ڈپٹی چانسلر زیگمار گابریل بیس جولائی کو تہران کا دورہ کر چکے ہیں۔