مغربی ممالک داعش کے سنگین خطرے کی طرف متوجہ ہوگئے: سرگئی لاوروف
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ مغربی ممالک خود کو لاحق داعش گروہ کے سنگین خطرے کی طرف متوجہ ہو گئے ہیں-
اطلاعات کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اتوار کے روز ایک انٹرویو میں کہا کہ مغربی ممالک اب سمجھ گئے ہیں کہ شام کے صدر بشار اسد ان کے دشمن نہیں ہیں بلکہ دہشت گرد گروہ داعش ان کے لئے اصل خطرہ شمار ہوتا ہے- انہوں نے روسی ٹی وی سے اپنے انٹرویو کے دوران کہا کہ اگرچہ بہت سے مغربی ممالک میں اب بھی اس بات کا اعتراف کرنے کی جرات نہیں ہے اور ضمنی طور پر ہی انہوں نے اس موضوع کی طرف اشارہ کیا ہے لیکن تمام مغربی ممالک اس بات کی طرف متوجہ ہو گئے ہیں کہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے لئے اصل خطرہ داعش ہے- روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ شامی حکومت کے ساتھ تعاون کے بغیر دہشت گرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنا ہرگز ممکن اور قابل عمل نہیں ہے- انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ شامی افواج سرزمین شام پر داعش سے مقابلے میں مؤثر ترین کردار ادا کریں گی- روسی وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے مقابلے میں عراق اور شام کی حکومتوں کے ساتھ مزید تعاون کے لئے اپنے ملک کی آمادگی کا اظہار کیا-