Mar ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریبات کا بائیکاٹ

کشمیری رہنماؤں کو دعوت دینے کی بنا پر ہندوستان کی حکومت نے یوم پاکستان کی تقریبات میں شرکت کرنے سے گریز کیا۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق نئی دہلی میں قائم  پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں کسی بھی ہندوستانی عہدیدار نے شرکت نہیں کی۔
روش کمار نے کہا کہ دنیا بھر میں متعین ہندوستانی سفارت کاروں سے بھی  کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی سفارت خانوں میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریبات میں شرکت نہ کریں۔
ہندوستان کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریبات میں شرکت سے گریز ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان کے وزیر اعظم عمران نے جمعے کی رات اپنے ہندوستانی ہم منصب کی جانب سے تہنیتی پیغام موصول ہونے کی خبر دی تھی۔
عمران خان نے بتایا کہ نریندر مودی نے پاکستانی عوام کے لیے کامیابی اور سربلندی کی دعا کی ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں ہندوستانی وزیراعظم کے پیغام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت، کشمیر سمیت تمام مسائل پر ہندوستان کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے پاکستان ہندوستان کے تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کئے جانے کی ضرورت ہے۔