دشمنوں نے غلطی دوہرانے کی کوشش کی، تو اس بار انہیں اور بھی بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا: چیف آف اسٹاف جنرل موسوی
مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے جمعہ کی صبح کو ایئرڈیفنس کے مرکزی کمان کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ ایئرڈیفنس فورس ملک کی فضاؤں کی حفاظت میں صف اول پر اور دشمنوں کے کسی بھی سطح کے خطرے کے سامنے کھڑی ہوئی ہے اور ایرانی عوام کے دشمنوں کو پچھتانے پر مجبور کرنے کے لیے تیار ہے۔
سحرنیوز/ایران: میجر جنرل موسوی نے اس موقع پر 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایئرڈیفنس کے شہیدوں کی یاد تازہ کرتے ہوئے، فوج کے اس فورس کے کارکنوں اور سپاہیوں کی قدردانی کی۔
انہوں نے کہا کہ ایئرڈیفنس فورس نے ثابت کردیا کہ دشمنوں کی جانب سے لاحق ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے اور ملت ایران کے دشمنوں کو ایسا سبق سکھانے کے لیے تیار ہے جسے وہ تا ابد یاد رکھیں گے۔
چیف آف اسٹاف نے کہا کہ 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کے دوران بڑے پیمانے پر دشمنوں کے طیاروں کو مار گرانا ایران کی فضائی دفاعی فورس کے سپوتوں کی شجاعت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے جسے ایرانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ یہ عزم و ارادہ، صلاحیتیں اور شجاعت، اس فورس کے جوانوں کے مضبوط ایمان، وطن سے محبت، رہبر انقلاب اسلامی کی کے بے مثال ہدایت اور تدبیروں، قومی اتحاد، عوامی اعتماد، اور ملک کے ذرائع ابلاغ، سائنسی، ثقافتی، سماجی اور سیاسی حلقوں کی حمایت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے اس موقع پر مسلح افواج میں ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو اپگریڈ اور اپڈیٹ کرنے، جدیدترین ٹیکٹک اور تکنیک سے لیس ہونے، دشمنوں سے لاحق خطروں کے پیش نظر آپریشنل تیاری اور ملک کی سائنسی اور ٹیکنولاجیکل صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ اگر دشمنوں نے وطن عزیز کو نشانہ بنانے کی غلطی کو دوہرانے کی کوشش کی، تو اللہ تعالی کی مدد سے انہیں پہلے سے کہیں زیادہ تباہ کن اور بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔