Jan ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • استقامتی معیشت پر صحیح اور بامقصد عمل درآمد پر تاکید

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے استقامتی معیشت پر صحیح اور بامقصد عمل درآمد پر تاکید کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز "مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد؛ ایرانی معیشت کا نیا باب" کے موضوع پر تہران میں منعقد ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی شعبے میں ترقی و پیشرفت سے متعلق حکومت کا سخت اور دشوار کام آج سے شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے حالات میں معیشت ایران کے اہم ترین قومی اہداف میں شامل ہے اور استقامتی معیشت، جس پر رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید کی ہے اور حکومت بھی اس سلسلے میں ایک کمانڈنگ سیل تشکیل دے رہی ہے، اس کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے سخت اور طویل مذاکرات کے بعض اہم نکات کی طرف اشارہ کیا اور اس راہ میں ملت ایران کی کامیابی اور استقامت کو سراہا۔

انہوں نے علاقے کے بعض ممالک کی شدت پسندانہ روش اور مشترکہ جامع ایکشن پلان کی ناکامی کے لئے ان کی طرف سے واشنگٹن، جنیوا اور ویانا میں کی گئی رخنہ اندازی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کی ناکامی کے ہدف سے کی گئیں تمام کوششیں شکست سے دوچار ہوئیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے، کہ کل اور آج جو چیز حاصل ہوئی ہے وہ ملت ایران کے صبر اور کوشش کا نتیجہ ہے، کہا کہ عظیم اور غیور ملت کو، جو تمام میدانوں میں اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائی اور جس نے سختیوں کو برداشت کیا سرانجام کامیابی حاصل ہوئی۔

ٹیگس