Jan ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • مغربی ایشیا میں ممکنہ جنگ کے نتائج کے بارے میں پوتن کا انتباہ

روس کے صدر نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ایشیا میں کوئی بھی جنگ بہت ہی آسانی کے ساتھ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور یہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ممکنہ جنگ کی روک تھام کے لئے عملی اقدام کریں

روسی صدر پوتن نے پارلیمنٹ میں اپنے سالانہ اجلاس میں خطاب کے دوران مغربی ایشیا میں ممنکہ جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں ممکنہ جنگ پوری دنیا کی سلامتی کو تیزی کے ساتھ خطرے سے دوچار کرسکتی ہے اس لئے سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل ارکان کو چاہئے کہ وہ ان اسباب کا سدباب کریں جن کی وجہ سے ایسی کوئی بھی جنگ چھڑنے کا خدشہ ہو  - روسی صدر نے کہا کہ اس وقت عالمی امن و سلامتی کی برقراری کے لئے بات چیت بہت ناگزیر ہوگئی ہے - ولادیمیرپوتن نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ روس کو مکمل طور پر اپنی سیکورٹی کا احساس ہے اور اس کے پاس ایسے جدید ترین ہتھیار ہیں جو دنیا کے کسی بھی ملک کے پاس نہیں ہیں - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ روس کو اس سے بھی زیادہ ترقی و پیشرفت کرنی چاہئے اور اسے قانون کی حکمرانی والے ایک خوشحال ملک میں تبدیل ہونا چاہئے کہا کہ وہ  آئین میں بنیادی اصلاحات  کے لئے ایک ریفرنڈم کرانا چاہتے ہیں جن میں آئین کی کچھ شقوں کی اصلاحات بھی شامل ہیں - انہوں نے کہا کہ وہ روس میں مسلسل دوبار سے زائد صدر کے انتخاب پرپابندی کے قانون کو ختم کرانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ ریفرنڈم کرائیں گے -