Nov ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  • غزہ میں شہداء کی تعداد 69 ہزار تجاوز کر گئی

غزہ میں دہشت گرد صیہونی حکومت کے ذریعے کی جا رہی نسل کشی اور قتل عام کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شہداء کی تعداد 69 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:  فلسطینی میڈیا ذرائ‏ع کے مطابق، غزہ پٹی میں گزشتہ مہینے کے دوران جاری اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے باوجود، وہاں کی تباہ کاریوں اور شہیدوں کا سلسلہ ابھی بھی رک نہیں پایا۔ غزہ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 69,169 سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حال ہی میں 284 مزید لاشیں شناخت کے بعد مجموعی شہداء کی تعداد میں شامل کی گئی ہیں، جبکہ ملبے تلے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے تین دنوں میں 10 لاشیں اسپتال پہنچائی گئی ہیں جن میں سے نو ملبے کے نیچے سے نکالی گئی ہیں، جبکہ ایک نئی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ اس دوران چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ وسیع پیمانے پر تباہی اور بربادی کے باعث متعدد فلسطینی اب بھی لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ محدود وسائل کے باوجود، امدادی ٹیمیں ملبے تلے سے زندہ بچ جانے والوں اور لاشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

عالمی برادری کی طرف سے امن کے لیے کیے جانے والے مطالبات کے باوجود، غزہ میں انسانی المیہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے اور صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔

ٹیگس