ایران کے انقلابی نوجوانوں کا اعتماد نفس اور علمی و سائنسی پیشرفت
آج کی پیچیدہ اور ترقی یافتہ دنیا میں ہر ملک کی حیات اور بالندگی کا سلسلہ جاری رہنے کا انحصار اس کی سائنسی ترقی، خودمختاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی تک دسترس پر ہے۔
ایران میں سافٹ ویئر تحریک اور سائنسی ترقی ، خود اعتمادی اور امید کے دو رکن و اصول ہیں- یہ دونوں اہم اصول اسلامی انقلاب کے آغاز سے ہی علمی تحریک اور ملت ایران کی پیشرفت کی دو اصلی بنیاد رہے ہیں اور تمام مشکلات و مسائل اور دشمن کی پابندیوں کے باوجود ملت ایران ، نہ صرف اپنے راستہ پر گامزن رہنے سے مایوس نہیں ہوئی بلکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی پیشرفت حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی ہے- بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے اس سلسلے میں فرمایا ہے کہ اہم بات یہ ہے کہ آپ دو رخ کو مد نظر رکھیں جسے میں نے با رہا عرض کیا ہے ایک یہ کہ اللہ تعالی پر اعتماد رکھیں کیونکہ جب اس کے لئے کام کریں گے تو وہ آپ کی مدد کرے گا اور دوسرے یہ کہ اعتماد نفس سے کام لیں ، آپ لوگ ایسے نوجوان ہیں کہ جو ہر کام کر سکتے ہیں-
میڈیکل سائنس کے میدان میں اسٹم سیلز، ایٹمی انرجی ، نینو ٹیکنالوجی ، بائیوٹیکنالوجی ، کلوننگ ، ایرواسپیس ،خلا میں سیٹ لائٹ بھیجنا وغیرہ وہ کامیابیاں ہیں جو ایران نے گذشتہ برسوں میں علمی و سائنسٹی میدان میں حاصل کی ہیں- ایران کے خلائی ادارے کے سربراہ مرتضی براری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران دنیا کا وہ نواں ملک ہے جس نے خلاء میں سیٹ لائٹ بھیجنے میں کامیابی حاصل کی ہے کہا کہ یہ کامیابی خلائی ادارے کی پہلی دس سالہ کارکردگی کا نتیجہ ہے اور اس سے ایرانی ماہرین اور سائنسدانوں کی قوت و مہارت کا پتہ چلتا ہے- اس وقت ایران میں اسٹم سیلز ، لیور سیلز، غضروف (cartilage) کی پیداوار اور کینسر اور فعال ہڈیوں کی فرسودگی کے علاج معالجے کے لئے تقریبا سو تحقیقاتی مراکز موجود ہیں-
رویان انسٹی ٹیوٹ نے بھی ایک فعال اور دنیا کے معروف سائنسی تحقیقاتی مرکز کی حیثیت سے سائنس و ٹیکنالوجی ، جینیاتی اسٹیم خلیات ، آنکھوں کی ترمیم و تخلیق نو ، سنتھیٹک رحم کی پیداوار وغیرہ کے میدانوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں - اور اعضاء بدن کی پیوندکاری میں دنیا میں سرفہرست ملکوں میں شمار ہوتا ہے- اس وقت ایران میں قلب ، جگر ، گردوں، ہڈی میرو یا بون میرو اور پھیپھڑوں وغیرہ کی پیوندکاری کے اسی سے زیادہ مراکز فعال ہیں-
رہبر انقلاب اسلامی نے ابھی کچھ دنوں پہلے غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ایرانی نوجوانوں اور دانشوروں سے ملاقات میں فرمایا تھا کہ میں غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں پر پورا یقین رکھتا ہوں اور حکام کو بھی ان پر یقین کرنا چاہئے کہ ہمارے پاس غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل نوجوان ہیں اور یہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں- رہبرانقلاب اسلامی نے اطلاعات و معلومات سے متعلق عالمی سائٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ایران کی سائنسی ترقی کی رفتار دنیا کی ترقی کی متوسط رفتار سے تیرہ گنا زیادہ ہوگئی ہے اور اس میں ہرگز کمی نہیں آنی چاہئے بلکہ اس میں تیزی آنا چاہئے کیونکہ ہم سائنسی لحاظ سے کافی پیچھے ہیں-
ملت ایران نے انقلابی جذبات اور اعتماد نفس کے سہارے علمی میدان میں کافی پیشرفت کی ہے - آج ہمیں اس ناقابل انکار حقیقت کا سامنا ہے کہ ایران اسلامی نے دنیا کی جدید ترین سائنس و ٹیکنالوجی کی چوٹیوں کو روند ڈالا ہے اور نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم علم کا راستہ کافی طویل و لامتناہی ہے- جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی نظام کے اہداف کو بیان کرتے ہوئے تاکید فرمائی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو ایک ترقی یافتہ ، طاقتور ، شریف ، عزت دار ، ایمان و روحانیت سے مالامال اور جدید تہذیب کے علمبردار ملک میں تبدیل ہونا چاہئے-