اسلام آباد میں ہفتہ دفاع مقدس اور شہید سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی کے موقع پر پروگرام کا انعقاد
ایران میں ہفتہ دفاع مقدس کے شہیدوں اور حزب اللہ کے شہید سربراہ سید حسن نصراللہ کو ان کی پہلی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسلام آباد میں ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں پاکستان کی اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات، سیاسی گروہوں کے رہنماؤں، یونیورسٹی پروفیسروں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے حاضرین سے مخاطب ہوکر کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے کچھ ہی عرصے کے بعد ایران پر حملہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ امریکہ اور اس کے سامراجی اتحادی، شروع سے ہی ایران کے انقلاب اور علاقے اور دنیا پر اس کے اثرات سے آگاہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ مقدس دفاع کے بعد بھی اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ اور صیہونیوں کی مختلف نوعیت کی سازشوں کا سامنا رہا ہے۔
ایران کے سفیر نے زور دیکر کہا کہ ایٹمی پروگرام بس ایک بہانہ ہے اور استکباری طاقتوں کا اصل مسئلہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطین کی مستحکم حمایت اور صیہونی حکومت کی مخالفت ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ایران کی اولین ترجیح ہے جس کی خاطر بھاری قیمت ادا کرنے کے باوجود، اسلامی جمہوریہ ایران پورے افتخار کے ساتھ اس پر ثابت قدم ہے۔
اس موقع پر شہید سید حسن نصراللہ کے بارے میں بین الاقوامی شخصیات کے خیالات پر مشتمل ایک کتاب کے اردو ترجمے کی رونمائی ہوئی۔ یہ کتاب اسلام آباد میں ایران کے کلچرل آفس کی جانب سے شایع کی گئی ہے۔