ایران: "بسیج سازندگی" کے " کثیر القومی گروپ" کا قیام
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i242425-ایران_بسیج_سازندگی_کے_کثیر_القومی_گروپ_کا_قیام
اسلامی جمہوریہ ایران میں تعمیر و ترقی کے عوامی مرکز "بسیج سازندگی" کی جانب سے پہلے " کثیر القومی گروپ" نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۶ Asia/Tehran
  •  ایران:

اسلامی جمہوریہ ایران میں تعمیر و ترقی کے عوامی مرکز "بسیج سازندگی" کی جانب سے پہلے " کثیر القومی گروپ" نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔

تعمیر و ترقی سے متعلق عوامی مرکز "بسیج سازندگی" کے کثیرالقومی گروپ کے سربراہ " عبداللہ جعفری" نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان کہا کہ "خاتم الائمہ" سے موسوم گروپ نے جس میں عراق، انڈونیشیا اور شام کے اسٹوڈنٹس شامل ہیں، ملک کے محروم اور پسماندہ ترین علاقوں میں جا کر آباد کاری اور لوگوں کے لئے ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے کئی بڑے پراجیکٹوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا ہے۔

عبداللہ جعفری نے بتایا کہ ایرانی یونیورسٹیوں اور مدارس میں پڑھنے والے غیر ملکی طلبہ و طالبات کے ‏لئے اس طرح کے کسی گروپ میں شمولیت بڑی حیران کن اور ناقابل یقین بات تھی، تاہم ان لوگوں نے قریب سے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ ایرانی اسٹوڈنٹس کس طرح، اجرت لئے بغیر رضاکارانہ طور پر محروم اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں اور اپنی چھٹیاں اور تفریح کے اوقات، مساجد اسکولز اور غریب لوگوں کے لئے گھروں کی تعمیر میں صرف کرتے ہیں۔

عبداللہ جعفری نے "کثیرالقومی گروپ" خاتم الا‏ئمہ سے موسوم آبادکاری کے پراجیکٹ کے تحت مشرقی آذر بائجان میں بے گھر افرادی کے لئے کئی گھر تعمیر کئے گئے ہیں اور اس وقت ایک مسجد تعمیر کی جا رہی ہے۔

عبداللہ جعفری نے کہا کہ ہم آباد کاری کے کاموں کے ساتھ ہی سماجی اور تعلیمی شعبے میں بھی پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے لئے کام کے مواقع اور مقامی پیداواری اشیا اور ہینڈی کرافٹس کی مصنوعات کو پیسے میں تبدیل کرنے کا ہنر بھی ہمارے پروگرام کا حصہ ہے کہ جس سے ہم مقامی لوگوں کو آشنا کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد بانی انقلاب اسلامی کے حکم پر محروم اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی خاطر "ادارہ جہاد سازندگی" کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔