مالی بحرانوں سے نمٹنے میں تعاون کے لئے ایران کی آمادگی
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i245066-مالی_بحرانوں_سے_نمٹنے_میں_تعاون_کے_لئے_ایران_کی_آمادگی
اسلامی جمہوریہ ایران نے مالی بحرانوں سے نمٹنے میں علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • مالی بحرانوں سے نمٹنے میں تعاون کے لئے ایران کی آمادگی

اسلامی جمہوریہ ایران نے مالی بحرانوں سے نمٹنے میں علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے سینٹرل بینک کے گورنر ولی اللہ سیف نے  نیپال میں علاقائی گروہ سینزا کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ  عالمی مالی بحرانوں نے علاقائی مالیاتی منڈیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مالیاتی منڈیوں کے باہمی روابط کی تقویت کے لئے مالی بحرانوں سے نمٹنے میں علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔ ایران کے سینٹرل بینک کے گورنر نے کہا کہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہونے اور ایٹمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران نے ہر قسم کے تجارتی، بینکاری اور مالی روابط نیز بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کی  زرمبادلہ کی منڈی میں ثبات اور استحکام پایا جاتا ہے۔ ولی اللہ سیف نے کہا کہ دو ہزار تیرہ کے اوائل میں تیل برآمد کرنے والے ملکوں کو قیمتوں میں گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا لیکن ایران اپنی قومی کرنسی اور زرمبادلہ کے ذخائر کے تحفظ میں کامیاب رہا۔ سینزا علاقائی گروہ، رکن ملکوں کے درمیان اطلاعات و تجربات کے تبادلے اور مالیاتی نیز بینکاری کے امور سے متعلق  تربیتی کورسز کی تشکیل کی غرض سے انیس سو چـھّپن میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ گروہ جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں نیز نیوزیلینڈ اور آسٹریلیا کے مرکزی بینکوں اور مالیاتی اداروں پر مشتمل ہے۔