افغانستان: برآمدات کے لئے ہندوستان کا فضائی راستہ استعمال کیا جائے گا
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i245665-افغانستان_برآمدات_کے_لئے_ہندوستان_کا_فضائی_راستہ_استعمال_کیا_جائے_گا
افغانستان نے پھلوں اور زرعی اجناس کی برآمدات کے لئے ہندوستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  •  افغانستان: برآمدات کے لئے ہندوستان کا فضائی راستہ استعمال کیا جائے گا

افغانستان نے پھلوں اور زرعی اجناس کی برآمدات کے لئے ہندوستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے افغان تاجر برادری سے کہا ہے کہ وہ اپنا سامان تجارت برآمد کرنے کے لئے ہندوستان کی فضائی حدود سے فائدہ اٹھایں۔ افغانستان کے چیمبر آف کامرس کے نائب سربراہ "خان جان الکوزی"  نے بتایا ہے کہ صدرمحمد اشرف غنی نے یہ فیصلہ، پاکستان کی جانب سے اسپین بولدک بارڈر کو بند کئے جانے کے اقدام کے بعد کیا ہے۔

افغانستان کے صدر کا کہنا ہے کہ افغان تاجر برادری کو چاہیے کہ زرعی پیداوار اور پھلوں کی برآمدات کے لئے ہندوستان کا فضائی راستہ استعمال کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر اشرف غنی کے چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام ہوائی اڈوں تک زرعی اجناس اور پھلوں کی منتقلی کے لئے کرائے کی مد میں افغان تاجروں سے لی جانے والی رقم کو نصف کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے اسپین بولدک کے بارڈر کو جو دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا واحد راستہ شمار ہوتا ہے، سیل کر دیا ہے۔ افغان ذرا‏ئع کا کہنا ہے کہ بارڈر کھولنے کے مقصد سے انجام پانے والی گفتگو کا ابھی تک کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔

افغانستان پھلوں اور خشک میوہ جات کی پیداوار کے لحاظ شہرت رکھتا ہے تاہم پاکستان کی جانب سے ڈالی جانے والی مبینہ سرحدی رکاوٹوں کے سبب ہرسال بڑی مقدار میں پھل ضا‏ئع ہو جاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کابل اور اسلام آباد کے درمیان سرحدی چپقلش کا نقصان افغان تاجروں اور کاشتکاروں کو برداشت کرنا پڑ رھا ہے۔