امریکہ یورپ آزاد تجارتی معاہدے کے خلاف مظاہرے
سوئزرلینڈ کے عوام نے امریکہ اور یورپ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
سیکڑوں کی تعداد میں لوگ برن سٹی کی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے وفاقی حکومت کے ہیڈکوارٹر کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرین امریکہ اور یورپ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
مظاہرے کے منتظمیں کا کہنا تھا کہ وہ اس معاہدے کے نتیجے میں ماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات کی جانب یورپی حکام کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ مظاہرے کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو زیادہ تجارت کی نہیں بلکہ منصفانہ تجارت کی ضرورت ہے۔
ایسے ہی مظاہرے یورپ کے دیگر شہروں میں کیے گئے اور لوگوں نے امریکہ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ امریکہ اور یورپ سنہ دو ہزارتیرہ سے آزاد تجارتی معاہدے کے بارے میں مذاکرات کر رہے ہیں جس کا مقصد دونوں براعظموں کے درمیان تجارتی لین میں میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور کر نا ہے۔
اس معاہدے کے مسودے کی مختلف شقوں کے بارے میں یورپی رائے عامہ نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ امریکہ اور یورپ کے درمیان ٹرانس اٹلانٹک معاہدے سے زراعت اور ماحولیات کو زبردست نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔