جاپانی وزیر اعظم کا دورہ ہندوستان
جاپان کے وزیر اعظم ہندوستان کے تین روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے جمعہ کو ہندوستان کے دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے۔ ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں فروغ حکومت جاپان کے ایجنڈے میں شامل ہے اور اسی مقصد کے تحت جاپانی وزیر اعظم ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچے ہیں۔ ان کے ساتھ ایک اعلی سطحی وفد بھی ہندوستان گیا ہے۔ نئی دہلی میں شنزو آبے کا استقبال کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں ایک غیر معمولی لیڈر قرار دیا اور کہا کہ ان کے اس دورے سے دونوں ملکوں کےتعلقات مزید گہرے ہونگے۔ جاپان کے وزیر اعظم کے دورہ ہندوستان میں دونوں ممالک کئی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ ان معاہدوں میں بلٹ ٹرین نیٹ ورک بنانے کے لئے اٹھانوے ہزار کروڑ روپے کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ ہندوستان اور جاپان کے وزرائے اعظم ہندوستان کو جاپانی ایٹمی ٹیکنالوجی کی برآمد کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔ جاپان اس سلسلے میں ہندوستان کے ساتھ تعاون سے پرہیز کرتا رہا ہے کیونکہ ہندوستان نے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کےمعاہدے، این پی ٹی، پردستخط نہیں کئے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ ایشیا میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کی وجہ سے جاپان نے اس بارے میں اپنے موقف میں لچک پیدا کرلی ہے۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق شنزو آبے بارہ دسمبر کو نریندر مودی کے انتخابی حلقے بنارس بھی جائیں گے۔ شنزو آبے کے ہمراہ نریندر مودی بھی ہوں گے اور دونوں وزرائے اعظم تقریبا" ساڑھے چار گھنٹے تک بنارس میں رہیں گے۔