ہندوستان اور جاپان نے کئی معاہدوں پر دستخط کر دیئے
ہندوستان اور جاپان نے دفاع، نقل و حمل اور ایٹمی توانائی کے شعبوں سے متعلق کئی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق ان معاہدوں پر ہفتے کے روز نئی دہلی میں جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد دستخط کئے گئے۔ معاہدوں پر دستخط کے بعد نریندر مودی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور جاپان نے دو طرفہ تعاون، خاص طور سے اقتصادی اور سیکورٹی کے میدان میں تعاون، میں فروغ کے سلسلے میں اہم قدم اٹھائے ہیں۔ اس موقع پر جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے ملک کا سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر ہندوستان کی اقتصادی ترقی میں مدد کے لئے تیار ہے۔ ہندوستان اور جاپان کے درمیان جو معاہدے ہوئے ہیں ان میں ہندوستان میں بلٹ ٹرین نیٹ ورک بنانے اور پرامن ایٹمی توانائی کے میدان میں ہونے والے معاہدے شامل ہیں۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جاپانی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے مارچ دوہزار سولہ سے جاپانی شہریوں کے ہندوستان پہنچنے پر ویزا جاری کیا جائے گا۔ جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے ہندوستان کے تین روزہ دورے پر جمعہ کو دارالحکومت نئی دہلی پہنچے ہیں۔