ہندوستانی عدلیہ کی جانب سے ملک کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرسنگھ دھونی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
ہندوستان کی عدالت نے ملک کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرسنگھ دھونی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
اننت پور کی عدالت نے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایک جریدے کے سرورق پر شائع ہونے والی ان کی متنازعہ تصویر کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کے دوران جاری کیے ۔ بزنس ٹوڈے نامی جریدے نے اپریل دو ہزارتیرہ کے ایڈیشن میں ایک تصویر شائع کی تھی جس میں دھونی کو ہندو بھگوان وشنو کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔ اس تصویر میں ان کے ہاتھ میں ایک جوتے سمیت متعدد کمپنیوں کی مصنوعات تھی اور شہ سرخی میں انہیں بڑے معاہدوں کا بھگوان قرار دیا گیا تھا۔ ان کے خلاف مقدمے کی اگلی سماعت پچیس فروری دوہزار سولہ کو ہوگی۔ اس سے پہلے کرناٹک ہائی کورٹ نے بھی مذکورہ میگزین کے سرورق پر چھپنے والی تصویر پر انہیں وشنو کی گستاخی کا مرتک قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ اس فیصلے کے خلاف ایم ایس دھونی نے ہندوستان کی سپریم کورٹ میں اپیل بھی دائر کی تھی ۔ چونتس سالہ ہندوستانی کرکٹ اسٹار ایم ایس دھونی اس وقت آسٹریلیا میں ہیں جہاں وہ بارہ جنوری سے میزبان ملک کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کی تیاری کر رہے ہیں۔