ٹرمپ کے ٹیرف وار کے بعد مودی اور پوتین کی ٹیلی فونی گفتگو
امریکا کے ساتھ کشیدگی میں شدت کی خبروں کے درمیان، ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان:ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر سے ٹیلیفون پر تفصیلی بات چیت کی خبر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق مسٹر مودی نے بتایا ہے کہ روسی صدر سے ان کی تفصیلی بات چیت بہت اچھی رہی ہے جس میں دو طرفہ ایجنڈے ميں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر نے باہمی پارٹنر شپ کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یو این آئی کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نے روسی صدر پوتن کو ہندوستان کے دورے کی دعوت دی جو رواں سال کے آخر تک انجام پاسکتا ہے۔
اسی درمیان ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے روس کے پہلے نائب وزیر اعظم ڈینس مانتوروف سے ملاقات فوجی و تکنیکی تعاون نیز مشترکہ اسٹریٹیجک منصوبوں پر عمل درآمد پر تبادلہ خیال کیا۔
ہندوستان اور روس کے رہنماؤں کے درمیان ان رابطوں کی خبر ایسی حالت میں مل رہی ہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی کشیدگی مں شدت آگئی ہے۔
جہاں ایک طرف امریکی ٹرمپ نے ہندوستان کے ساتھ سبھی تجارتی مذاکرات روک دیئے جانے کی خبر دی ہے، وہیں ہندوستان نےامریکا سے جنگی طیاروں اوراسلحے کی خریداری روک دینے کا اعلان کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکا سے ہندوستان کی اسلحے کی خریداری کے تین ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کے مجوزہ دفاعی معاہدے میں انواع و اقسام کے جنگی اور جاسوس طیاروں اور سپورٹ سسٹمس کی خریداری بھی شامل تھی۔
امریکا نے ہندوستان پر روسی تیل کی خریداری کے ذریعے یوکرین جنگ میں فنڈنگ کا الزام لگایا ہے جس کے جواب میں ہندوستان کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپ خود روس سے تجارت کررہے ہیں اور ہندوستان پر روس سے تجارت بند کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔