ہندوستان اور افغانستان، سفارتکاروں کے لئے ویزا پابندی ختم
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i209503-ہندوستان_اور_افغانستان_سفارتکاروں_کے_لئے_ویزا_پابندی_ختم
ہندوستان اور افغانستان کے سفارت کار اب ویزا کے بغیر ایک دوسرے کے ملک کا سفر کر سکیں گے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۰۲, ۲۰۱۶ ۰۵:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ
    ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ

ہندوستان اور افغانستان کے سفارت کار اب ویزا کے بغیر ایک دوسرے کے ملک کا سفر کر سکیں گے۔

ہندوستان اور افغانستان کے درمیان سفارت کاروں کے ویزا کے بغیر سفر کرنے کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا، جبکہ ہندوستان نے افغان عوام کے فائدے کے لئے اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو منظوری دے دی۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو اور وزارتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے الگ الگ ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں سے ڈاکٹر عبداللہ کی ملاقاتوں میں اہم امور زیر بحث آئے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی موجودگی میں دونوں ممالک نے ایک معاہدے پر دستخط کئے، جس کی رو سے دونوں ملکوں کے سفارت کار، اب ایک دوسرے کے ملک کا ویزا کے بغیر سفر کر سکیں گے۔

اس سا ل کے اوائل میں ہندوستان کی ریاست پنجاب میں فضائیہ کے پٹھان کوٹ ایئر بیس اور افغانستان میں مزار شریف میں ہندوستان کے قونصل خانہ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور افغانستان کی اعلی قیادت کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔

مقامی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ اور ہندوستانی رہنماؤں نے پٹھان کوٹ اور مزارشریف پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں، ان کے مضمرات اور سیکورٹی کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور اس ماہ ہونے والے چار ملکی طالبان مذاکرات کے آخری مرحلے کے سلسلے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پروگرام کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ اپنے اس دورے میں ہندوستان کے شہر جے پور میں منگل سے شروع ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی انسداد دہشت گردی کانفرنس میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔