ہندوستان میں مسلم نوجوانوں کی گرفتاری پر احمد بخاری کا شدید ردعمل
دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے ہندوستان میں مسلم نوجوانوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام مولانا سید احمد بخاری نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے ہندوستان میں مسلم نوجوانوں کی گرفتاری پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
بیان کے مطابق سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے الزام میں دہلی اور اترپردیش سے تیرہ مسلم نوجوانوں کی گرفتاری نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی ہے بلکہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی گہری سازش ہے۔
شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے بیان میں کہا کہ پولیس اور تفتیشی ایجنسیاں صرف شک کی بنیاد پر مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیتی ہیں اور جیلوں میں برسوں بے گناہی کی سزا بھگتنے کے بعد ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے وہ عدالتوں سے بری ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکڑوں مسلم نوجوان جیلوں میں بند ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔